LIVE

2 سالہ بچی نے اپنی ذہانت سے دنیا کو حیران کر دیا

ویب ڈیسک
November 29, 2023
 

مینسا کا ممبر بننے کیلئے ذہانت کا معیاری ٹیسٹ 98 فیصد سے زائد نمبر سے پاس کرنا ہوتا ہے/ فوٹو گنیز ورلڈ ریکارڈ

امریکا سے تعلق رکھنے والی 2 سالہ بچی کی ذہانت نے دنیا بھر کو حیران کر دیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق امریکی ریاست کینٹکی سے تعلق رکھنے والی 2 سالہ بچی اسلا میک ناب عالمی تنظیم مینسا کی کم عمر ذہین ترین ممبر ہے۔

مینسا دنیا کی سب سے بڑی اور قدیم ترین ہائی آئی کیو سوسائٹی ہے اور دنیا کے 100 ممالک سے ایک لاکھ 40 ہزار ذہین ترین افراد اس تنظیم کے ممبر ہیں۔

مینسا کا ممبر  بننے کیلئے ذہانت کا معیاری آئی کیو ٹیسٹ 98 فیصد سے زائد نمبر سے پاس کرنا ہوتا ہے اور 2 سالہ اسلا میک ناب نے اپنی عمر کے گروپ ٹیسٹ میں 99 فیصد نمبر حاصل کیے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق بچی کے والدین کو اس ذہانت کا اندازہ تب ہوا جب وہ ہر چیز پر گہری نظر رکھتی تھی اور اسے فوری یاد کر لیتی تھی اور صرف ایک سال کی عمر میں اسلا میک نے رنگ، نمبر اور حروف تہجی سیکھنا شروع کر دیے تھے۔

یہ ہی وجہ ہے کہ گنیز  ورلڈ ریکارڈ نے اسلا میک ناب کا نام مینسا میں سب سے کم عمر ذہین ترین شخص کے طور پر اپنی کتاب میں درج کر لیا ہے۔