LIVE

بابر اور رضوان کو نیوزی لینڈ کیخلاف آرام دینے کی مخالفت کس نے کی؟

سید یحییٰ حسینی
December 21, 2023
 

ٹیم ڈائریکٹر نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا کہ نیوزی لینڈ میں تجربے کار کھلاڑیوں کو آرام کروانا ٹیم کے مفاد میں نہیں ہو گا۔ فوٹو فائل

اب جب کہ پاکستان کی 17 ارکان پر مشتمل ٹی 20 ٹیم کا اعلان ہو چکا ہے جو شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں نیوزی لینڈ میں 5 ٹی 20 کھیلے گی، البتہ سائیڈ لائنز  پر ٹیم کے انتخاب میں سینئر کھلاڑیوں کے معاملات سمیت نئے کھلاڑیوں کی شمولیت پر بہت زیادہ گفتگو کی جا رہی ہے۔

 سلیکشن کمیٹی کے اندرونی ذرائع سے یہ بات منظر عام پر آئی کہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ سینئر کرکٹرز سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر  بیٹر محمد رضوان کو آرام کروانے کے خواہشمند تھے تاہم اطلاعات کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی اس کے برعکس ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا کہ نیوزی لینڈ میں تجربے کار کھلاڑیوں کو آرام کروانا ٹیم کے مفاد میں نہیں ہو گا، شاہین آفریدی کی بطور کپتان پہلی سیریز ہے لہٰذا سینئر ز کو آرام کروانے کی تجویز کو در کیا جاتا ہے۔

محمد حفیظ اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نیوزی لینڈ میں سینئر اور جونیئر کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنا ٹیم کے بہتر مفاد میں ہوگا، اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ اپریل 2024 میں جب نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹی 20 سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی تو ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کے ایڈوانٹیج میں نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

جون جولائی 2024 میں امریکا میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کا انعقاد ہونا ہے جس کی تیاریوں کے لیے پاکستان کا دورہ نیوزی لینڈ اہمیت کا حامل ہوگا۔