LIVE

9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس: مراد سعید اور حماد اظہر سمیت 51 ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنیکا حکم

رانا انصر
January 01, 2024
 

 ملزمان کے گھروں اور شہر کے اہم مقامات پر اشتہار آویزاں کرنے کا حکم دے دیا۔ فوٹو فائل

انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو  گوجرانوالہ کینٹ پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں مراد سعید، حماد اظہر اور عمر ایوب سمیت 51 ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنےکا حکم دے دیا۔

گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی عدالت نے مقدمے میں ملوث 51 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی جاری رکھتے ہوئے ملزمان کے گھروں اور شہر کے اہم مقامات پر اشتہار آویزاں کرنے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عدم پیشی پر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں، مقدمے میں دہشتگردی کے ساتھ 302 کی دفعہ بھی لگائی گئی ہے۔

عدالت نے جن 51 ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے اور انہیں اشتہاری قرار دینے کا حکم دیا ہے ان میں مرادسعید، حماد اظہر، فرخ حبیب، عمر ایوب، علی امین گنڈاپور اور  زرتاج گل بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ زبیر نیازی، اکرم ساہی، شوکت بھٹی، احمد چٹھہ، بلال اعجاز اور ظفر اللہ چیمہ کے نام بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ 9 مئی کے مقدمےمیں بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی، پرویز الہٰی، یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری بھی ملزم نامزد ہیں تاہم پانچوں شخصیات زیر حراست ہیں۔