LIVE

4 سالہ لڑکے کا ننھی کلاس فیلو کو سونے کی اینٹ کا تحفہ

ویب ڈیسک
January 09, 2024
 

ہم نے اپنے بیٹے کو سونے کی اینٹ مستقبل میں اپنی بیوی کو دینے سے متعلق بتایا تھا: لڑکے کے والدین کا لڑکی کے والدین سے مکالمہ/ فائل فوٹو 

چین میں 4 سالہ  لڑکے  نے اپنی ساتھی طالبہ کو 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سونے کی اینٹ تحفے میں دے کر سب کو حیران کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیران کن واقعہ چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں پیش آیا، جہاں  ایک پرائمری کلاس کے ننھے طالب علم نے 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سونے کی اینٹ اپنی ساتھی طالبہ کو بطور تحفہ پیش کردی۔

بچے نے ایسا کیوں کیا؟

 مہنگے ترین  تحفے سے متعلق  واقعے کا علم تب ہوا جب ننھی طالبہ نے اپنے گھر والوں کو سونے کی اینٹ سے متعلق بتایا جس کے بعد ماں باپ نے طالبہ کو تحفہ واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 4 سالہ بچے کے والدین سے رابطہ کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبہ کے والدین نے لڑکے کے والدین کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا جس پر لڑکے کے والدین نے معافی مانگتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے  کو سمجھایا تھا کہ وہ  مستقبل میں یہ سونے کی اینٹ بطور تحفہ اپنی بیوی کو دے گا تاہم بچے نے  بغیر علم میں لائے اپنی ساتھی طالبہ کو سونے کی اینٹ تحفے میں دے دی۔

 خبر سامنے آنے کے بعد زیر غور واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ و تنقیدی دونوں قسم کے تبصرے سامنے آرہے ہیں۔