LIVE

'میکسویل شرمندہ اور افسردہ ہیں'، نشے کے باعث اسپتال داخلے پر کرکٹر کے منیجر کا بیان

سہیل عمران
January 23, 2024
 

کپتان پیٹ کمنز نے پیش آنے والے واقعات پر گلین میکسویل کے رویے کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے—فوٹو: فائل

آسٹریلیا کے جارح مزاج مڈل آرڈر بیٹر گلین میکسویل کو رات دیر گئے پارٹی میں ضرورت سے زیادہ شراب پینے کے باعث اسپتال میں داخل کرانا پڑا جس کے بعد اب ان کے منیجر کا بیان سامنے آیا ہے۔

کرکٹر کے منیجر کا کہنا ہے کہ گلین میکسویل ہفتے کو پیش آنے والے واقعہ پر شرمندہ ہیں، وہ  افسردہ اور معذرت خواہ ہیں۔

منیجر کے مطابق گلین میکسویل میلبرن واپس آکر ٹریننگ شروع کر چکے ہیں، وہ کرکٹ آسٹریلیا کے زیر تفتیش نہیں ہیں۔

گلین میکسویل ایڈیلیڈ میں جمعہ کی رات کو زیادہ نشے کی وجہ سے اسپتال داخل ہوئے، میکسویل نے چیف سلیکٹر جارج بیلی اور کوچ اینڈریو میکڈانلڈ کو صورتحال کے بارے میں بتایا تھا۔

آسٹریلوی کرکٹر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیرییز سے قبل ون ڈے سیریز میں آرام دیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کپتان پیٹ کمنز نے  پیش آنے والے واقعات پر گلین میکسویل کے رویے کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے، کرکٹ آسٹریلیا کے میڈیکل اسٹاف نے گلین میکسویل سے کنکشن کے حوالے سے رابطہ کیا ہے۔