LIVE

روس کینسر کی ویکسین بنانے کے قریب پہنچ گیا

ویب ڈیسک
February 15, 2024
 

کئی ممالک اور کمپنیاں کینسر کی ویکسین پر کام کر رہی ہیں__فوٹو: فائل

روس کے صدر  ولادیمیر  پیوٹن نے انکشاف کیا ہے کہ روس میں سائنسدان کینسر کی ویکسین تیار کرنے کے لیے محنت کر رہے ہیں اور جلد مہلک مرض کی ویکسین  دستیاب ہوگی۔

ٹیلی ویژن پروگرام فیوچر ٹیکنالوجیز فورم میں روسی صدر  نے کہا کہ ہم کینسر کی ویکسین اور نئی نسل کے لیے مدافعتی ادویات بنانے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں جو جلد ہی مریضوں کے لیے دستیاب ہو جائیں گی۔ 

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے جلد ہی ویکسین کو انفرادی تھراپی کے مؤثر طریقوں کے طور  پر استعمال کیا جائے گا۔

البتہ روسی صدر پیوٹن نے یہ واضح نہیں کیا کہ مذکورہ ویکسین کس قسم کے کینسر کے لیے بنائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ کئی ممالک اور کمپنیاں کینسر کی ویکسین پر کام کر رہی ہیں، پچھلے سال برطانیہ کی حکومت نے جرمنی میں مقیم ادارے بائیو این ٹیک (BioNtech)کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کا مقصد 2030 تک 10 ہزار مریضوں کو ذاتی نوعیت کے کینسر کے علاج فراہم کرنے والے کلینیکل ٹرائلز شروع کرنا تھا۔

مشہور فارما کمپنی(Moderna and Merck & Co) بھی ایک تجرباتی کینسر کی ویکسین تیار کر رہی ہے جس کے درمیانی مرحلے کے مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ یہ میلانوما نامی ویکسین سب سے مہلک جلد کے کینسر سے ہونے والی موت کے امکانات کو کافی حد تک کم کر سکتی ہے۔