LIVE

اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈی سی اسلام آباد کو گرفتار کرکے کل پیش کرنے کا حکم

اویس یوسفزئی
February 20, 2024
 

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کا حکم دے دیا— فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد عرفان نواز میمن  کو گرفتار کر کے کل صبح 9 بجے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بار ستار نے شہریار آفریدی کیس میں ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس کا چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد کو گرفتار کر کے کل صبح 9 بجے پیش کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی ان نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی بھی ہدایت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم میں کہا کہ ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن ملک سے باہر نہ جا سکیں۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی پاسپورٹس، ڈی سی اسلام آباد کا نام ای سی ایل پرڈالنا یقینی بنائیں۔

عدالت نے قرار دیاکہ استثنیٰ درخواست منظوری کے باوجود پیش نہ ہوکر ڈی سی نے بادی النظرمیں توہین عدالت کی لہٰذا  نظام انصاف میں رکاوٹ بننے پرکیوں نہ ڈی سی اسلام آباد کےخلاف کارروائی کی جائے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ ڈی سی اسلام آبادکی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کل منظورنہیں کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئی جی اسلام آباد دوسروں صوبوں کے ساتھ مل کر وارنٹ پرعمل کروائیں، ائیرپورٹ، سی پورٹ یا بارڈرکراسنگ پرڈی سی اسلام آباد نظرآئیں توگرفتارکرکے پیش کریں۔