LIVE

نگران حکومت نے گزشتہ حکومت کے مقابلے میں کم قرضہ لیا: وزارت خزانہ

تنویر ہاشمی
February 23, 2024
 

گزشتہ پی ڈی ایم حکومت کے دور میں 8 ارب 40کروڑ ڈالر کے مجموعی بیرونی قرضے لیے گئے/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ نگران حکومت کے دوران لیے گئے قرضے پی ڈی ایم حکومت کی سابقہ مدت کے دوران لیے گئے قرضوں سے کم رہے ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق نگران حکومت نے 6 ماہ میں 30کروڑ ڈالر کے نیٹ بیرونی قرضے لیے جب کہ گزشتہ پی ڈی ایم حکومت نے اس عرصے میں 3 ارب ڈالر کے نیٹ بیرونی قرضے لیے، مجموعی طور پر نگران حکومت نے 3 ارب 90 کروڑ ڈالر کے بیرونی قرضے لیے اور 3 ارب 60 کروڑ ڈالر کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی اس طرح نیٹ بیرونی قرضے 30کروڑ ڈالر رہے۔

جب کہ گزشتہ پی ڈی ایم حکومت کے دور میں 8 ارب 40کروڑ ڈالر کے مجموعی بیرونی قرضے لیے گئے اور 5 ارب 40 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کی، اس طرح نیٹ بیرونی قرضے 3 ارب ڈالر کے لیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق جون 2023 تک بیرونی قرضوں کی مجموعی حکومتی قرضوں میں شرح 38.3 فیصد رہی جب کہ دسمبر 2023 تک یہ شرح کم ہو کر 36.7 فیصد پر آگئی۔