LIVE

مخصوص نشستیں: سنی اتحاد کی درخواست پر آئندہ ہفتے تک فیصلہ نہ ہونے پر نشستیں دیگر پارٹیوں کو جائیں گی، ذرائع

صالح ظافر
February 24, 2024
 

کمیشن نے ایس آئی سی کے قانونی ونگ سے درخواست کی ہے کہ وہ پروسیسنگ شروع کر ے: ترجمان الیکشن کمیشن/ فائل فوٹو

اسلام آباد: ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان کی شمولیت کے بعد مخصوص نشستوں کےلیے سنی اتحاد کی درخواست پر آئندہ ہفتےتک فیصلہ نہ ہوا  تو نشستیں باقی پارٹیوں میں بانٹ دی جائیں گی۔

مخصوص نشستوں کےلیے پی ٹی آئی ارکان کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے بعد سے پانچوں اسمبلیوں میں حلف برداری کا عمل جمعہ سے شروع ہوگیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ کمیشن نے ایس آئی سی کے قانونی ونگ سے درخواست کی ہے کہ وہ پروسیسنگ شروع کرے، اس مقصد کےلیے کمیشن کو تاحال یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے سنی اتحاد کونسل کو اسمبلی کی نشستیں دینا ہیں یا نہیں۔

بالفرض کمیشن درخواست مان لیتا ہے تو اس سے سنی اتحاد کونسل کی عددی طاقت پانچوں اسمبلیوں میں بڑھ جائے گی لیکن قومی اسمبلی اور تین دیگر صوبائی اسمبلیوں میں اس کا اقلیتی اسٹیٹس تبدیل نہیں ہوگا۔

ایک اور اہم پیشرفت یہ ہوئی ہے کہ الیکشن کمیشن میں 26 فروری کو ایک اہم اجلاس بلایا گیا ہے جس میں قانونی ونگ کے نتائج کی روشنی میں معاملات کا فیصلہ کیا جائےگا۔

نوٹ: یہ خبر 24 فروری 2024 کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی