LIVE

اسٹیڈیم میں بابر نے کس بات پر غصہ کیا؟ وائرل ویڈیو کی حقیقت کیا ہے؟

ویب ڈیسک
February 25, 2024
 

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز لاہور اور ملتان میں کھیلے جا رہے ہیں جب کہ آئندہ ہفتے میچز کراچی میں شروع ہوں گے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر  پشاور  زلمی کے کپتان بابر اعظم کی ایک ویڈیو سامنے آئی جو کہ تنازع کا شکار بنی ہوئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میچ کے دوران بابر  پشاور زلمی کے ممبران کے ساتھ اسٹیڈیم میں بیٹھے ہیں کہ پیچھے کراؤڈ میں سے بظاہر 'زمبابر زمبابر' کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

بابر اعظم غصے میں پیچھے دیکھتے ہیں اور پھر آوازیں کسنے والے تماشائی کو اپنے پاس آنے کا اشارہ کرتے ہیں، آوازیں بند نہ ہونے پر بابر ہاتھ میں پکڑی پانی کی بوتل مارنے کا اشارہ کرتے ہیں۔

وائرل ویڈیو کی حقیقت کیا ہے؟

دراصل ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وائرل ویڈیو میں آواز ایڈٹ کی گئی ہے جس کی تصدیق صحافی ارفع فیروز ذکی نے ایکس اکاؤنٹ پر کی۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ویڈیو میں جو آواز ہے وہ جعلی ہے۔

اپنی ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے اسٹیڈیم میں ہونے والے اصل واقعہ کی حقیقت بیان کی، ارفع نے لکھا کہ 'بابر اعظم بہت ٹھنڈے مزاج کے انسان ہیں، بابر پشاور زلمی کے ڈگ آؤٹ میں بیٹھے تھے کہ انکلوژر میں موجود ایک شخص مسلسل گندی زبان استعمال کر رہا تھا'۔

صحافی نے بتایا 'بابر نے پہلے نظر انداز کیا لیکن اچانک وہ اس وقت غصے میں آگئے جب اس شخص نے ان کے گھر والوں کے لیے بد زبانی شروع کی'۔