LIVE

22 سالہ لڑکے نے میسیج کیا آپ ہاں کریں تو سب چھوڑ چھاڑ کر ہاتھ مانگنے آجاؤں: صبا فیصل

ویب ڈیسک
February 26, 2024
 

اداکارہ حال ہی میں نجی ٹی وی شو کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئی/فوٹوفائل 

پاکستان کی سینیئر اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں عمر کے اس حصے میں بھی کئی نوجوان لڑکے میسیج کرکے شادی کی پیشکش کر چکے ہیں۔

اداکارہ حال ہی میں نجی ٹی وی شو کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جس دوران  میزبان نے ان سے سوال کیا کہ کیا آ پ نے کبھی کسی جنونی فین کا سامنا کیا جو کہ بالکل پاگل ہو؟ دیوانگی کی حد تک آپ سے متاثر ہوا ہو یا پھر آپ کو میسیجز وغیرہ کرکے تنگ کرتاہو؟

جس کے جواب میں صبا فیصل نے کہا کہ شاید مداحوں کو لگے کہ میں بہت بور ہوں لیکن حقیقت یہی ہے کہ میرے ساتھ  ایسا کبھی نہیں ہوا، ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ فینز کی جانب سے میسیجز  آتے رہتے ہیں۔

صبا فیصل نے بتایا کہ حال ہی میں مجھے ایک 22 سالہ لڑکے نے پیغام بھیجا کہ اگر آپ اس عمر میں بھی مجھے گرین سگنل دیں تو میں آپ کیلئے سب کچھ چھوڑنے کو تیار ہوں، اگر آپ ہاں کریں تو میں فوراً سے آکر آپ کا ہاتھ مانگ لوں، جس پر میں نے اسے کہا کہ میرے 9 سالہ نواسے سے میرا ہاتھ مانگو گے؟

صبا فیصل کا کہنا تھا کہ میں یہ میسیج اپنے شوہر کو بھی دکھاتی ہوں، میری شادی کو 40 سال ہو چکے ہیں لیکن ماشااللہ میرے شوہر آج بھی مجھ سے طویل میسیجز کے ذریعے محبت کا اظہار کرتے ہیں کیونکہ میں کام کی وجہ سے لاہور میں زیادہ رہتی ہوں، ان کے میسیجز کے جواب میں میں انھیں کال کرکے کہتی ہوں شکر کریں فیصل  ہم دور ہیں تو یہ محبتیں قائم ہیں، جس پر وہ شکوہ کرتے ہیں کہ میں انھیں کبھی رومانوی انداز میں  جواب نہیں دیتی۔