LIVE

کھلاڑی پاکستان کے مہمان ہیں: چیئرمین پی سی بی کی کیوی ٹیم کو بہترین سکیورٹی کی یقین دہانی

سہیل عمران
March 06, 2024
 

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیوزی لینڈ کے سکیورٹی وفد کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے مہمان ہیں ان کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔

چیئرمین  پی سی بی محسن نقوی سےنیوزی لینڈ کے سکیورٹی وفد  نے ملاقات کی جس دوران  نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے انتظامات اور سکیورٹی پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سکیورٹی وفد میں نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیتھ ملز اور سکیورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈکاسن  شامل تھے جب کہ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹر سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کرنل خالد اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل پاکستان کرکٹ بورڈ عثمان واہلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر کیوی وفد کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا، اس کے علاوہ وفد نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سکیورٹی پلان پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے انہیں شاندار قرار دیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کیوی وفد کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے مہمان ہیں، ٹیم کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔