LIVE

غزہ پر اسرائیلی حملوں کیخلاف تحریک پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے دو بار ’نو‘ کہہ دیا

ویب ڈیسک
March 15, 2024
 

قومی اسمبلی میں مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پیش ہونے والی قرارداد پر پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی کونسل ارکان نے مخالفت کی۔

شازیہ مری کی غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف تحریک قومی اسمبلی میں پیش ہوئی تو اسپیکر کے رائے لینے پر پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے دو بار ’’نو‘‘ کہا۔

اسپیکر ایاز صادق حیران رہ گئے اور پوچھا کہ یہ غزہ کی قرارداد ہے، کیا آپ اس کی مخالفت کر رہے ہیں؟ 

اسپیکر نے تحریک دوبارہ ایوان کے سامنے رکھی تو پھر کسی نے نو کی آواز لگادی، اسپیکر نے کہا ہم نے نوٹ کرلیا ہے، کس نے نو کہا ہے۔

جب قرارداد باضابطہ منظوری کیلئے ایوان کے سامنے پیش کی گئی تو پھر کسی نے ’نو‘ کی آواز لگادی، ایاز صادق بولے خدا کا واسطہ ہے اس کو تو متفقہ رہنے دیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد ارکان اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار  کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ ماہ مقدس میں بھی غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور گزشتہ سال 7 اکتوبر سے اب تک 30 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔