لاہور میں گلشن اقبال پولیس نے انسانی گردے فروخت کرنے والے گینگ کا ایک کارندہ گرفتار کر لیا۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) اقبال ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزم ندیم نے اپنے ساتھی شعیب کے ساتھ مل کر محنت کش سلیم کو گھر میں پینٹ کروانے کے بہانے بلایا۔
انہوں نے بتایاکہ ملزمان نے محنت کش کو گاڑی میں بٹھا کر نشہ آور جوس پلایا اور اسلام آباد لے گئے، اسلام آباد میں ظفر نامی ڈاکٹر گردے نکال کر ملزمان کو رقم کی ادائیگی کرتا تھا۔
ایس پی اخلاق اللہ کے مطابق ملزمان مختلف علاقوں سے غریب اور نادار لوگوں کو پیسوں کا لالچ دے کر بھی گردے نکلواتے تھے۔
ان کا کہنا تھاکہ ملزمان ایک گردے کے عوض ساڑھے 4 لاکھ روپے کا کہہ کر متاثرہ شخص کو پچاس ساٹھ ہزار روپے دیتے تھے۔