LIVE

ٹیم کی کامیابی میں کپتان کا کردار سب سے اہم ہوتا ہے: ہیڈکوچ ملتان سلطانز

فیضان لاکھانی
March 18, 2024
 

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ملتان کی ٹیم پی ایس ایل ڈرافٹ کے دن سے اپنا کام شروع کردیتی ہے— اسکرین گریب

ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ ٹیم کی کامیابی میں کپتان کا کردار سب سے اہم ہوتا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ عبد الرحمان کا کہنا تھا کہ  ملتان کی ٹیم پی ایس ایل ڈرافٹ کے دن سے اپنا کام شروع کردیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹیم بناتے وقت بڑے نام نہیں سوچے بلکہ یہ سوچا کہ کون کہاں ہمارے کام آسکتا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ مقامی کھلاڑیوں میں ان کھلاڑیوں کو ترجیح دی جن کے ساتھ پہلے کام کیا ہوا ہے اور جو مزاج کو سمجھتے ہیں۔

ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کامیابی میں کپتان کا کردار سب سے اہم ہوتا ہے، گراؤنڈ میں وہی ٹیم کو لڑاتا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ٹی20 میں صورتحال تیزی سے بدلتی ہے ایسے میں صحیح وقت پر صحیح فیصلہ اہم ہوتا ہے۔ محمد رضوان نے چار سال میں تسلسل سے لا جواب کپتانی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب آپ ٹرافی جیتنا چاہتے ہیں تو یہ نہیں دیکھتے کہ سامنے کون سی ٹیم ہے، اسلام آباد کی خوبیوں اور کمزوریوں سے واقف ہیں اس کے مطابق پلان بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوچنگ میں ڈیٹا کے استعمال سے کافی مدد مل جاتی ہے، عام طرز کی کوچنگ میں حریف کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے مگر ڈیٹا ہو تو اس کی واضح تصویر سامنے آتی ہے۔کبھی کبھار کنڈیشن ڈیٹا سے مختلف ہوسکتی ہے اس لیے ہر بار اس پر انحصار بھی نہیں کیا جاتا۔ آج کل کی کرکٹ میں ڈیٹا کا کردار کافی اہم ہے۔