LIVE

کراچی: منگھوپیر سے کالعدم تحریک طالبان کا دہشتگرد گرفتار

ویب ڈیسک
March 19, 2024
 

دہشتگرد کا تعلق کمانڈر عظمت اللہ عرف طارق گروپ سے ہے، دہشتگرد سکیورٹی اداروں پر متعدد حملوں میں ملوث ہے: ترجمان سی ٹی ڈی/ فائل فوٹو

کراچی: سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے منگھوپیر نورس چورنگی پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے منگھو پیر نورس چورنگی کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اس دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد ولی رحمان کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے دستی بم بھی برآمد کیا گیا ہے جب کہ دہشتگرد کا تعلق کمانڈر عظمت اللہ عرف طارق گروپ سے ہے، دہشتگرد سکیورٹی اداروں پر متعدد حملوں میں ملوث ہے۔

ترجمان کےمطابق دہشت گرد نے 2007 میں کمانڈر احمد حسن عرف سفیر کے ساتھ مل کر امن کمیٹی کے ممبر تارکستان کو شہید کیا تھا، دہشتگرد ولی الرحمان نے ہلاک کمانڈر قاری حسین سے خودکش کی ٹریننگ بھی حاصل کی تھی، ملزم گرفتاری کے خوف سے 2009 میں دبئی فرار ہو گیا تھا، دہشتگرد ولی رحمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔