LIVE

یوم پاکستان پر ملک میں تیار کیے گئے ہتھیاروں کی نمائش، حیدر ٹینک توجہ کا مرکز بنا رہا

ویب ڈیسک
March 23, 2024
 

یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ میں ملک میں تیار کیے گئے دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے ہتھیاروں کی نمائش کی گئی۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی جانب سے مشترکہ پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔

یوم پاکستان پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کے ساتھ ساتھ پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور فوجی دستوں نے سلامی پیش کی۔

مسلح افواج میں شامل خواتین کے دستوں کے علاوہ چین اورآذربائیجان کے فوجی دستوں نےبھی پریڈ میں حصہ لیا۔ 

پریڈ میں ملک میں تیار کیے گئے دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے ہتھیاروں کی نمائش کی گئی اور پاک فوج میں شامل کیا جانے والا حیدر ٹینک توجہ کا مرکز بنا رہا۔ 

حیدر ٹینک چین کے اشتراک سے مقامی سطح پر تیار کیا گیا ہے، فتح ون اور فتح 2 راکٹ بھی پریڈ کا حصہ بنے۔ ڈرون طیارے شاہپر 2 اور عقاب نے بھی حاضرین کی داد وصول کی۔

اس کے علاوہ رعد ون، رعد 2،  نصر میزائل سسٹم اور بیلسٹک میزائل شاہین ون اور شاہین 2 بیلسٹک میزائلز کو بھی یوم پاکستان کی پریڈ میں پیش کیا گیا۔