LIVE

مسجد الحرام: معمر و معذور زائرین کے عمرہ کی آسانی کیلئے گولف کار متعارف

ویب ڈیسک
March 25, 2024
 

ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے خانہ کعبہ میں زائرین کی سہولت کیلئے اسمارٹ گولف کار متعارف کروادی گئیں جن کے  ذریعے معمر اور بیمار  زائرین مسجد الحرام کی چھت سے طواف کرسکتے ہیں۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق گولف کار  متعارف کرائے جانے کا اصل مقصد معمر معذور اور جسمانی بیماریوں کا سامنا کرنے والے افراد کی مدد کرنا ہے تاکہ وہ آرام دہ اور پرسکون انداز  میں عمرہ ادا کرسکیں۔

گولف کار رواں ماہ 11 مارچ کو متعارف کروائی گئی ہیں، سوشل میڈیا پر  حرمین شریفین کے اکاؤنٹس سے گولف کار کی ویڈیوز بھی شیئر کی گئی ہیں جن میں زائرین کو  مسجد الحرام کی ڈیزائن کردہ نئی چھت سے گولف کار میں بیٹھے  خانہ کعبے کا طواف کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

 دوسری جانب العربیہ اردو کی ایک رپورٹ میں آن لائن سعودی نیوز پورٹل ’عاجل‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ انتظامیہ نے ابتدائی طور پر 50 گالف گاڑیاں فراہم کی ہیں یہ گاڑیاں محدود وقت (شام 4 سے صبح کے 4 بجے تک ) تک عمرہ زائرین کیلئے چلائی جاتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہر گاڑی میں 10 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، کار کا فی کس کرایہ 25 ریال ہے ،گاڑیوں کے لیے بکنگ کے انتظامات مسجد الحرام کے مختلف  دروازوں سمیت لفٹ پر بھی موجود ہیں جہاں سے زائرین گالف کار  بک کروانے کے بعد  لفٹ کے ذریعے مسجد الحرام کی چھت پر پہنچ کر گاڑی کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔