LIVE

پی آئی اے بورڈ نے ادارے کی تنظیم نو اور نجکاری کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک
March 26, 2024
 

پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) کے ساتھ طریقہ کار طے کرے گا: اعلامیہ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی ائیر لائن پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ادارے کی تنظیم نو اور نجکاری کی منظوری دے دی۔

پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اعلامیے کے مطابق بورڈ  کا 83 واں اجلاس 25 مارچ کو ہوا جس  میں پی آئی اے کی تنظیم نو اور  نجکاری کے لیے اسکیم آف ارینجمینٹ کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) کے ساتھ طریقہ کار طے کرے گا اور اس کے لیے پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ ایس ای سی پی کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے بورڈ نے دوکمپنیوں کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے ادارے کو پی آئی اے سی اورپی آئی اے ہولڈنگ میں تقسیم کرنے کی بھی منظوری دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ اجلاس میں پی آئی اے ملازمین کے مستقبل سے متعلق تجاویزپربھی غورکیا گیا اور جن ملازمین کی سروس 4 سال رہ گئی ہے انہیں ریٹائرکرنے کی بھی تجویز دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری سے قبل رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی تجویزپربھی غورکیا گیا۔