LIVE

بھارت: پوتے اور اسکی بیوی کا کھانا اچھا نہ بنانے پر دادی پر تشدد، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک
March 28, 2024
 

بھارتی میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں جوڑے کو ایک بزرگ خاتون کو ڈنڈے اور ہاتھوں سے بے دردی سے مارتے پیٹتے دیکھا جاسکتا ہے/ اسکرین گریب

بھارت کے شہر بھوپال میں ایک شخص اور اس کی بیوی کو بوڑھی دادی پربہیمانہ تشدد کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان نے  مبینہ طور پر بزرگ خاتون کو ان کا پسندیدہ کھانا نہ بنانے پرمارا پیٹا  جس کی  ویڈیو  جوڑے کے پڑوسیوں نے ریکارڈ کرکے  سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔

بھارتی میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں جوڑے کو ایک بزرگ خاتون کو ڈنڈے اور ہاتھوں سے بے دردی سے مارتے پیٹتے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو میں موجود متاثرہ بزرگ کی شناخت اس شخص کی دادی کے طور پر ہوئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ بے رحم شخص نے ضعیف خاتون کے کو گلے میں ہاتھ ڈال کر  پکڑا ہوا ہے، اس شخص کا ہاتھ خاتون کے منہ پر ہے تاکہ خاتون کی چیخ وپکار کو روکا جاسکے جب کہ ویڈیو میں بیڈ پر بیٹھی عورت بزرگ خاتون کو ڈنڈے مارتی دیکھی گئی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جوڑے نے بھوپال سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے میاں بیوی کودھرلیا، ملزمان کی شناخت دیپک سین اور اس کی بیوی کی پوجا سین کے طور پر کی گئی ہے۔