LIVE

لاہور میں رشتے کے تنازع پر نوجوان کی فائرنگ، 2 افراد کو قتل کر کے خودکشی کرلی

میاں عابد
April 01, 2024
 

ملزم کی مقتول کی بہن سے منگنی ہوئی تھی بعد میں مقتول نے رشتے سے انکار کردیا تھا اسی رنجش میں ملزم نے حملہ کیا: پولیس— فوٹو: فائل

لاہور کے علاقے سمن آباد میں رشتے کے تنازع پر ایک نوجوان نے منگیتر کے گھر میں فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل کردیا جس کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ندیم کی ایک سال قبل مقتول سرفراز کے گھر منگنی ہوئی تھی، ملزم نے مقتول سرفراز کے گھر آ کر فائرنگ کی اور پھر خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی، واقعے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس کے مطابق سمن آباد کے علاقے رسول پارک میں ایسٹر کے روز  یوحنا آباد کے ندیم مسیح کے سسرال جا کر اندھا دھند فائرنگ کے واقعے میں اس کی منگیتر کا بھائی سرفراز اور اس کی اہلیہ رضیہ موقع پر ہلاک ہو گئے تھے جبکہ  ملزم کی منگیتر نادیہ اور اس کا  دوسرا بھائی عرفان  زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزم ندیم مسیح کی ایک سال پہلے سرفراز مسیح کی بہن نادیہ سے منگنی ہوئی تھی بعد میں سرفراز نے رشتے سے انکار کردیا، اسی رنجش میں ملزم ندیم نے حملہ کیا تھا۔

ایس پی اقبال ٹاؤن کا کہنا تھا کہ  پولیس اور فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کر کے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی ہیں، تین افراد کے قتل میں گھریلو ناچاقی سمیت دیگر پہلوؤں پر بھی تفتیش کی جائے گی۔