LIVE

20 دن میں جیل سے صدارتی محل تک کا سفر! سینیگال کے نو منتخب صدرکی کہانی

ویب ڈیسک
April 02, 2024
 

باصیرو فائی نے محض 44 سال کی عمر میں صدار تی منصب سمبھالا ہے/ فوٹو: رائٹرز

بصیرو فائی جو  محض20 دن پہلے تک جیل میں قید تھے انہوں نے   اب سینیگال کے صدر کا حلف اٹھالیا ہے۔

بصیرو  فائی سینیگال کی تاریخ کے کم عمر ترین صدر ہیں اور انہوں نے محض 44 سال کی عمر میں صدار تی  منصب سنبھالا ہے۔ 

صدر کا حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے  خطاب کرتے ہوئے سینیگال کے نوجوانوں کو معاشی خودمختاری دینےکا اعلان کیا جو اس وقت بڑی تعداد میں بیروزگاری کا شکار ہیں۔

فائی نے کہا کہ وہ سینیگال کی سالمیت، قومی اتحاد اور افریقا کے اتحاد کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

بصیرو فائی کے صدر بننے کی کہانی اس لیے بھی دلچسب ہےکہ وہ صدارتی الیکشن سے محض 10 دن قبل تک جیل میں قید تھے اور  انہیں الیکشن سے صرف 10 دن قبل جیل سے رہا کیا گیا۔ فائی اپریل 2023 سے جھوٹی خبروں اور  توہین عدالت سمیت متعد الزامات کی وجہ سے جیل میں قید تھے جہاں انہوں نے 11 ماہ گزارے۔

فائی ایک ٹیکس کلکٹر تھے مگر صدارتی الیکشن سے قبل سینیگال کے اپوزیشن لیڈر عثمانی سنوکو  الزامات کی وجہ سے الیکشن کی دوڑ سے باہر ہوگئے، جس کے بعد سنوکو نے صدارتی الیکشن میں بصیرو فائی کی حمایت کا اعلان کیا اور  انہیں امیدوار نامزد کردیا۔ 

سینیگال کے سابق صدر میکی سال نے الیکشن سے 18 روز  قبل ان لوگوں کے لیے عام معافی کی منظوری دی جو سال 2021 سے 2024 تک جاری سیاسی تحریک میں تشدد اور جرائم کے الزامات میں قید تھے۔ ایمنسٹی کی منظوری سینیگال کی پارلیمنٹ نے بھی دی تھی جس کے بعد بصیرو فائی کی رہائی ممکن ہوئی۔

سینیگال میں صدارتی الیکشن مارچ کی 24 کے منعقد ہوئے تھے  جس میں لوگ بڑی تعداد میں ووٹ دینے کے لیے نکلے، صدارتی الیکشن میں ٹرن آوٹ 66 فیصد رہا تھا۔