LIVE

پاکستان سمیت مختلف ممالک میں واٹس ایپ کی سروس متاثر رہنےکے بعد بحال

ویب ڈیسک
April 04, 2024
 

فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں میسجنگ اور کالنگ کی معروف ایپ واٹس ایپ کی سروس کچھ دیر متاثر رہنےکے بعد بحال ہوگئی۔

بدھ کے روز  پاکستان میں صارفین کو تقریباً 11 بجے کے قریب واٹس ایپ کے استعمال میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔  اس دوران صارفین کو ایپ سے پیغام رسانی میں مشکلات  رہیں۔تاہم  تقریباً  آدھا گھنٹے سے زائدکی معطلی کے بعد  واٹس ایپ کی سروس بحال ہونا شروع ہوگئیں جس پر صارفین کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

واٹس ایپ کی جانب سے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں سروس متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی اور کہا گیا کہ وہ 100 فیصد بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

فوٹو: اسکرین شاٹ

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر صارفین کی جانب سے اس مسئلے کی نشاندہی کی گئی اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگوں نے بتایا کہ واٹس ایپ سے میسجز نہیں جارہے اور اس کے علاوہ آڈیو اور ویڈیو کالنک سروسز بھی معطل ہوگئیں۔

 واٹس ایپ صارفین نے سروس متاثر ہونے کے بارے میں ایکس پر اپنے تجربات بیان کیے اور ایکس پر واٹس ایپ ڈاؤن ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گیا۔

واٹس ایپ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ویب بیٹا انفو نے بھی ایکس پر بتایا کہ صارفین کو واٹس ایپ تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

فوٹو: اسکرین شاٹ

خیال رہےکہ واٹس ایپ بھی انسٹاگرام اور فیس بک کی طرح میٹا کی زیر ملکیت ہے۔واٹس ایپ کی بنیاد 2009 میں رکھی گئی تھی اور بعد میں اسے فیس بک کو فروخت کر دیا گیا تھا۔