LIVE

افسران اور جوانوں پر بھرپور اعتماد ہے وہ جرائم کیخلاف اپنا لوہا منوائیں گے: ضیا الحسن لنجار

ویب ڈیسک
April 04, 2024
 

آئی جی سندھ اور سندھ پولیس کی سپورٹ کرتا ہوں صوبائی وزیر داخلہ کا سی پی او میں منعقدہ تقریب سے خطاب— فوٹو: فائل

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کراچی اور کچے کےعلاقے میں چیلنجز درپیش ہیں، ہمیں افسران اور جوانوں پر بھرپور اعتماد ہے وہ جرائم کا جڑ سے خاتمہ کرکے دکھائیں گے۔

سی پی او میں انسپکٹرز کی ڈی ایس پیز کے عہدوں پر ترقی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا آئی جی سندھ اور سندھ پولیس کی سپورٹ کرتا ہوں، افسران اپنے تجربے اور مہارت سے جرائم کیخلاف اپنا لوہا منوائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا سندھ پولیس ایک بہادر فورس ہے، دیگر صوبوں کے مقابلے سندھ پولیس کی قربانیاں زیادہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے آپ کو مکمل سپورٹ دوں گا۔

تقریب میں صوبے کے 99 پولیس انسپکٹرز کو اگلے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے ڈی ایس پیز کے رینک لگائے گئے۔