LIVE

فیکٹری تھی جس میں مریم نواز اور کلثوم آپا کیلئے کپڑے بناتی تھی: صبا فیصل کا انکشاف

ویب ڈیسک
April 05, 2024
 

پاکستان کی سینئر اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں آنے سے قبل ان کی کپڑوں کی فیکٹری تھی جس میں وہ موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی مرحومہ والدہ کلثوم نواز کے لیے کپڑے بناتی تھیں۔

حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں صبا فیصل نے شرکت کی جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر خاصہ وائرل ہے۔

دوران انٹرویو صبا فیصل نے کہا کہ اداکاری کے شعبے میں آنے سے قبل میری کپڑوں کی فیکٹری تھی جس میں میں مریم نواز اور کلثوم آپ کے لیے کپڑے بناتی تھی، لیکن کراچی منتقل ہونے سے قبل مجھے وہ فیکٹری بند کرنا پڑی۔

اداکارہ نے کہا کہ اپنا کپڑوں کا بزنس بند کرنے سے پہلے میں 6 ماہ تک سوچتی رہی کہ کیا میں یہ کروں؟ میں نے استخارہ بھی کیا اور اللہ سے رجوع کیا کہ کہیں ایسا نہ ہو مجھے پچھتانا پڑے، چلتا ہوا بزنس بند کردوں۔

صبا فیصل نے کہا میں وہ بزنس بند کرکے کراچی آگئی اور مجھے آج تک اس کا کوئی پچھتاوا نہیں ہے ، میں نے پھر مُڑ کے بھی نہیں دیکھا۔

واضح رہے کہ صبا فیصل ڈرامہ انڈسٹری میں آنے سے قبل سرکاری ٹی وی پر نیوز اینکر بھی رہ چکی ہیں۔