LIVE

عید پر مری میں موٹرسائیکلز کی انٹری بند، نوپارکنگ اوربڑی گاڑیوں کے اوقات کار مقرر

شبیر احمد ڈار
April 08, 2024
 

مری میں موسم کی اپ ڈیٹ انتظامیہ کے آفیشل اکاؤنٹس سے لی جاسکتی ہے، فوکل پرسنز سیاحوں کی رہنمائی کیلئے 24 گھنٹے تک موجود ہوں گے/ فائل فوٹو

راولپنڈی: عیدالفطرپر مری میں جی پی او  چوک  کے ارد گرد نوپارکنگ اوربڑی گاڑیوں کے اوقات کار مقرر کردیے گئے۔

عید الفطر پر مری کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا جس کے مطابق مری میں موٹرسائیکلز کی مخصوص پوائنٹ سے انٹری بند کردی گئی ہے جب کہ جی پی او چوک کے ارد گرد نوپارکنگ اوربڑی گاڑیوں کے اوقات کارمقرر کردیے گئے ہیں۔

کمشنر راولپنڈی کے مطابق کشمیر جانے والی ٹریفک ایکسپریس وے استعمال کرے گی اور فوکل پرسنز سیاحوں کی رہنمائی کیلئے 24 گھنٹے تک موجود ہوں گے۔

کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ مری میں موسم کی اپ ڈیٹ انتظامیہ کے آفیشل اکاؤنٹس سے لی جاسکتی ہے، مری میں سیاحوں کے ساتھ مقامی لوگوں کی سہولت اولین ترجیح ہوگی جس کیلئے 17 میل،لوئرٹوپہ،جھیکا گلی،کلڈنہ،کشمیر چوک اورجی پی اوچوک پرسہولت مراکزفعال کردیے گئے ہیں۔

کمشنرراولپنڈی کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مری میں راشن اسٹاک اورپیٹرول کے اسٹاک کو ڈبل کیا جائے، ٹی ایچ کیواسپتال مری میں ادویات اورلیب ٹیسٹ کی سہولت یقینی بنائی جائے جب کہ ہوٹلز میں  سیاحوں سے زائد چارجز وصول کرنے پرقانون حرکت میں آئےگا۔