LIVE

فیض آباد دھرنا کمیشن نے صحیح نتائج پر پہنچنے کی کوشش ہی نہیں کی: رانا ثنااللہ

ویب ڈیسک
April 17, 2024
 

زاہد حامد خود استعفیٰ دینے پر تیار تھے لیکن اُس وقت تک ذہن بن چکا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق آپریشن ہوگا: سابق وزیر/ فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ فیض آباد دھرنا کمیشن نے صحیح نتائج پر پہنچنے کی کوشش ہی نہیں کی۔

جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ زاہد حامد خود استعفیٰ دینے پر تیار تھے لیکن اُس وقت تک ذہن بن چکا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق آپریشن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اورایجنسیز کی رائے تھی کہ آپریشن کے نتیجے میں اموات ہونگی، آپریشن کرنے کے بعد بھی زاہد حامد کے استعفے والی بات ہی ماننی پڑی۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے فیض آباد انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ کی کوئی وقعت نہیں، یہ رپورٹ نا تو مستند اور نا قابلِ بھروسہ ہے۔

نجی ٹی وی کے شو میں بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ  فیض آباد کمیشن ایک مذاق تھا، جنرل ریٹائرڈ فیض اور جنرل ریٹائرڈ باجوہ تو کمیشن کے سامنے پیش ہی نہیں ہوئے، صرف مجھ جیسے سیاسی ورکرز پیش ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن کے سامنے جا کر احساس ہوا کہ یہاں کوئی سنجیدگی نہیں، آنا ہی نہيں چاہیے تھا، فیض آباد دھرنا کمیشن گریبان میں جھانکے کہ انہوں نے فرض نبھایا کہ نہیں نبھایا۔