LIVE

فضل الرحمان کا غصہ صرف اپنا ریٹ لگوانے کیلئے ہے، وزیراعلیٰ پختونخوا

ویب ڈیسک
April 17, 2024
 

پنجاب کی ٹک ٹاکر وزیراعلیٰ کی ساری کارکردگی ٹک ٹاک کیلئے ہے، ملک مزید تجربات برداشت نہیں کرسکتا: علی امین گنڈا پور— فوٹو:فائل

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ فضل الرحمان کا تو گھر میں ووٹ نہیں، ڈی آئی خان میں لوگوں کو پکڑ پکڑ کر جے یو آئی میں شامل کرایاگیا، میرا ورکر بھی فضل الرحمان کو شکست دے دےگا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانافضل الرحمان کا غصہ صرف اپنا ریٹ لگوانے کیلئے ہے، مولانا گورنری، کشمیر کمیٹی یا مال کیلئے ڈیل کرلیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری ہوا، فضل الرحمان ساتھ دینے کو تیار ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں۔

وزیراعلیٰ پختونخوا کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم تجربے سے ملک کہیں سے کہیں چلا گیا ہے، پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ کرلیا، ملک مزید تجربات برداشت نہیں کرسکتا، لندن پلان جیسے تجربات سے باہر نکلیں، عوام کا سوچیں، مختلف مسائل سے دوچار ہیں، تجربات کرنے والے ہوش کے ناخن لیں، عوام نے 8 فروری کو جو اشارہ دیا ہے اسے سمجھیں۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا پاکستان کے لیے بیٹھنے کو تیار ہوں، عوام کی زبان عارضی طور پر بند کرسکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ٹک ٹاکر وزیراعلیٰ کی ساری کارکردگی ٹک ٹاک کیلئے ہے، خیبر پختونخوا میں روٹی کی قیمت پنجاب سے بھی کم ہے، نرخ پر عمل نہ کراسکے تو گھر چلے جائیں گے۔