LIVE

خراب موسم: کویت ائیرپورٹ پر 2 دن سے پھنسے پاکستانی شدید مشکلات کا شکار

طارق ابوالحسن
April 18, 2024
 

غیر ملکی ائیرلائن نے بھارتی اور نیپالی مسافروں کو ہوٹل بھیج دیا لیکن پاکستانی پاسپورٹ کے حامل مسافروں کو ائیرپورٹ پر ہی چھوڑ دیا گیا: مسافر کی گفتگو/ فوٹو جیونیوز

کراچی: موسم کی خرابی کی وجہ سے دو دن سے کویت ائیر پورٹ پرپھنسے 50 سے زائد پاکستانی مسافر شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

مسافر کے مطابق پاکستانی مسافر عمرہ ادائیگی کیلئے دبئی سے سعودی عرب گئے تھے، غیر ملکی ائیرلائن نے بھارتی اور نیپالی مسافروں کو ہوٹل بھیج دیا لیکن پاکستانی پاسپورٹ کے حامل مسافروں کو ائیرپورٹ پر ہی چھوڑ دیا گیا۔

مسافر کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ سے براستہ کویت دبئی کیلئے سفر کررہے تھے، دبئی میں طوفان کی وجہ سے پرواز کویت میں رکی ہوئی ہے، غیر ملکی ائیرلائن نے پاکستانی مسافروں سے اچھا برتاؤ نہیں کیا۔

مسافر نے مزید بتایا کہ 2 دن میں صرف 2 مرتبہ کھانا دیا گیا اور آخری مرتبہ کل رات کھانا دیا تھا، کویت میں پاکستانی قونصل خانے سے بھی رابطے کی کوشش کر رہے ہیں اور پاکستان حکومت سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہیں۔