LIVE

کویت ائیرپورٹ پر پھنسے پاکستانی مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کردیے گئے

طارق ابوالحسن
April 19, 2024
 

فوٹو: سوشل میڈیا

کویت ائیرپورٹ پر گزشتہ دو روز سے پھنسے 50 سے زائد پاکستانی مسافروں کی امید برآئی، ائیرلائن نے پاکستانی مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کردیے۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی مسافر نے بتایا کہ ائیرلائن نے مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کر دیے ہیں اور وہ طیارے میں بیٹھ گئے ہیں، کچھ دیر میں دبئی کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔

متاثرہ مسافر کے مطابق غیرملکی ائیرلائن نے بھارتی اور نیپالی مسافروں کو ہوٹل بھیج دیا جبکہ پاکستانی پاسپورٹ کے حامل مسافروں کو ائیرپورٹ پر بے یار و مددگار چھوڑ دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی مسافر ڈھائی دن تک ائیرپورٹ پر بھوکے پیاسے پھنسے رہے لیکن پاکستانی سفارت خانے نے ان سے پوچھا تک نہیں اور کویت میں پاکستانی مسافر ائیرلائن کی بد سلوکی کا بھی شکار رہے۔

عمرے کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ سے کویت کے راستے دبئی جانے والے پاکستانی مسافر گزشتہ دو روز سے کویت ائیر پورٹ پر پھنسے ہوئے تھے، کویت میں پھنسے تمام پاکستانیوں کا تعلق دبئی سے ہے۔

پاکستانی مسافر عمرہ ادائیگی کیلئے غیر ملکی ائیرلائن کے ذریعے دبئی سے سعودی عرب گئے تھے، دبئی میں طوفانی بارش کی وجہ سے پرواز کویت ائیرپورٹ پر رکی ہوئی تھی۔