LIVE

یوٹیوب میں ایک اے آئی اسسٹنٹ کو متعارف کرانے پر کام جاری

ویب ڈیسک
April 19, 2024
 

یہ فیچر ابھی محدود صارفین کو دستیاب ہے / فائل فوٹو

یوٹیوب میں ایک آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اسسٹنٹ کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔

گوگل کی جانب سے یو ٹیوب کے اس نئے اے آئی اسسٹنٹ کو صارفین کے ذہنوں میں ویڈیوز کے حوالے سے موجود سوالات کے جواب دینے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے اس اے آئی اسسٹنٹ کی آزمائش امریکا میں یوٹیوب پریمیئم کے محدود صارفین میں کی جا رہی ہے۔

اس اے آئی اسسٹنٹ سے صارفین ویڈیو دیکھتے ہوئے رئیل ٹائم میں سوالات کے جواب پوچھ سکیں گے۔

جب یہ اے آئی اسسٹنٹ دستیاب ہوگا تو اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں یوٹیوب ایپ میں Ask نامی ایک نیا بٹن ویڈیوز کے نیچے نظر آئے گا۔

اس بٹن پر کلک کرکے صارفین اپنے سوالات لکھ کر پوچھ سکیں گے یا پہلے سے موجود پروموٹس استعمال کرکے ویڈیو کا خلاصہ یا مواد سے متعلق تجاویز حاصل کر سکیں گے۔

ایسا کرنے کے بعد اے آئی ٹیکنالوجی ویڈیو فوٹیج کا تجزیہ کرکے صارف کے سوال کے مطابق ردعمل ظاہر کرے گی، جبکہ اس دوران ویڈیو دیکھنے کا عمل متاثر نہیں ہوگا۔

ابھی تمام ویڈیوز کے لیے یہ اے آئی اسسٹنٹ کام نہیں کرے گا بلکہ گوگل کی جانب سے اسے بتدریج توسیع دی جائے گی۔

اب تک اسے اسسٹنٹ کی آزمائش کے ابتدائی نتائج متاثر کن ثابت ہوئے ہیں۔

یہ آزمائشی فیچر فی الحال یکم مئی تک محدود صارفین کو دستیاب ہوگا جس کے بعد فیڈ بیک کو مدنظر رکھ کر اسے یوٹیوب میں مستقل طور پر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔