LIVE

آئی ایم ایف کے ساتھ طویل مدتی پروگرام ضروری ہے: وزیر خزانہ

اشرف ملخم
April 23, 2024
 

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے اور جون تک ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے: محمد اورنگزیب/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ  آئی ایم ایف کے ساتھ طویل مدتی پروگرام ضروری ہے کیونکہ آئی ایم ایف قرض کے لیے آخری راستہ ہوتا ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور زراعت کا شعبہ بھی 5 فیصد سے گروتھ کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے اور جون تک ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔ 

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طویل مدتی پروگرام ضروری ہے کیونکہ  آئی ایم ایف قرض کے لیے آخری راستہ ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا،کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا ہے، پالیسی ریٹ برقرار رکھا گیا ہے، مالی سال 2024 میں جی ڈی پی میں اضافے کی توقع ہے، کرنٹ اکاؤنٹ اور مالیاتی خسارہ کو مناسب حدود میں رکھنے کے اہداف رکھے ہیں۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے اقدامات کررہی ہے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور نقصان میں چلنے والے اداروں کی نجکاری ضروری ہے۔