LIVE

وزیراعظم نے ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا کا نوٹس لے لیا،چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو معطل

ایاز اکبر یوسف زئی
April 23, 2024
 

وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالتے ہی ایف بی آر اصلاحات کی فوری نفاذکی ہدایات جاری کی تھیں/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا کا نوٹس لیتے ہوئے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد اور  متعلقہ تمام افسران کو معطل کردیا۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالتے ہی ایف بی آر اصلاحات کی فوری نفاذکی ہدایات جاری کی تھیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے افسران کو معطل کرنے کے ساتھ  انکوائری کا حکم بھی دیا  ہے۔

ٹیکس ٹربیونلز میں اس وقت حکومت کے سیکڑوں ارب روپے کے کیس زیر سماعت ہیں جب کہ  وزیراعظم نے چیف جسٹس پاکستان سے ان کیسز کےجلد نمٹانےکی درخواست  بھی کی تھی۔

اسلام آباد میں ایف بی آر کے وکیل کے عدالت میں ایسے ہی ایک کیس کی تاریخ میں تاخیر کی استدعا پر وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے  متعلقہ حکام کو فوری طور پر واقعے کی انکوائری کی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ قومی خزانے کا سیکڑوں ارب قانونی تنازعات کا شکار ہے،  اس بارے میں کوئی بھی لاپرواہی اور کوتاہی قبول نہیں کرونگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی عوام سے کیے عہد کے تحت ٹیکس نظام میں اصلاحات کی خود نگرانی کررہا ہوں،ملک و قوم کی ایک ایک پائی بچانے اور محصولات بڑھانے کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی۔