LIVE

ڈی آئی خان میں ہلاک دہشتگرد کسٹم اہلکاروں پر حالیہ حملے میں ملوث تھے: سی ٹی ڈی

شکیل فرمان علی
April 23, 2024
 

دہشتگرد تخریب کاری کی منصوبہ بندی کیلئے نقل وحرکت کررہے تھے: سی ٹی ڈی/ فائل فوٹو

پشاور: سی ٹی ڈی کا کہنا ہےکہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں ہلاک 8 دہشت گرد کسٹم اہلکاروں پر حالیہ حملوں میں ملوث تھے۔

محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں انتہائی مطلوب دہشتگرد جہانزیب بھی شامل ہے جو کسٹم اہلکاروں پر حالیہ حملوں میں ملوث تھا۔ 

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد بھتہ خوری اور سکیورٹی فورسز پر حملے اورٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے جب کہ کسٹم پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک بچی بھی جاں بحق ہوئی تھی۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ کہ دہشتگرد تخریب کاری کی منصوبہ بندی کیلئے نقل وحرکت کررہے تھے کہ اس دوران  دہشتگردوں کے فرار ہونے کے راستے بند کردیے گئے۔ 

سی ٹی ڈی کے مطابق مقامی آبادی میں دہشتگردوں کے سہولت کاروں کی موجودگی کا اندیشہ ہے اور  سہولت کارروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جارہی ہے۔