LIVE

سزا کاٹ کر آنیوالا شخص اپنے بھائی سے بیوی کی شادی برداشت نہ کرسکا، بچی کو قتل کردیا

ویب ڈیسک
April 27, 2024
 

وجے جب جیل میں اپنی سزا کاٹ رہا تھا تو اس کی بیوی نے وجے کے چھوٹے بھائی سے شادی کرلی جس نے ان کی ایک بیٹی بھی تھی: پولیس/ فائل فوٹو

بھارت: 4 سال قید کی سزا کاٹ کر آنے والا شخص بیوی کی اپنے چھوٹے بھائی سے شادی کو برداشت نہ کرسکا اور  اس نے بدلہ لیتے ہوئے اس کی کمسن بیٹی کو قتل کرڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا بتانا ہےکہ ملزم وجے سہانی چین چھیننے کے ایک کیس میں گروگرام کی جیل میں قید تھا، اسے عدالت نے 4 سال قید کی سزا سنائی تھی جو 24 اپریل کو پوری ہوئی اور وہ جیل سے باہر آیا۔

پولیس کے مطابق وجے جب جیل میں اپنی سزا کاٹ رہا تھا تو اس کی بیوی نے وجے کے چھوٹے بھائی سے شادی کرلی جس سے  ان کی ایک بیٹی بھی تھی۔

پولیس نے مزید بتایا کہ جیل سے واپس آنے کے بعد وجے اور اس کی سابقہ اہلیہ کے درمیان جھگڑا ہوا جس پر ملزم نے بدلہ لیتے ہوئے 7 ماہ کی بچی کو بے دردی سے زمین پر پٹخا اور فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچی کو اسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی جب  کہ چھاپہ مار کارروائیوں کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔