LIVE

ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے پاکستانی اسکواڈکے ممکنہ کھلاڑی کل اسلام آباد پہنچیں گے

ارفع فیروز
April 28, 2024
 

 پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے بعد امریکا روانہ ہوگا: ذرائع/ فائل فوٹو

ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی  ورلڈکپ میں شرکت کرنے والے  پاکستانی اسکواڈ کے ممکنہ کھلاڑی کل امریکی ویزے کے حصول کے لیے اسلام آباد جائیں گے۔ 

ذرائع کے مطابق ممکنہ قومی کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ کے آفیشلز کل امریکی سفارتخانے جائیں گے اور ویزے کیلئے اپلائی کریں گے، امریکی سفارتخانےکو پی سی بی نے 35 کھلاڑیوں اور  آفیشلز  پر مبنی لسٹ دی ہے۔ 

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کھلاڑی امریکی سفارتخانےمیں کرکٹ کو فروغ دینےکی سرگرمی میں بھی حصہ لیں گے۔

ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کےممکنہ کھلاڑی برطانوی ویزے کیلئے کاکول کیمپ کے فوراً بعد اپلائی کر چکے ہیں، پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے بعد امریکا روانہ ہوگا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ یکم جون 2024 سے امریکا اور  ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے جا رہا ہے۔

پاکستان گروپ اے میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ ہے اور دونوں ٹیمیں 9 جون کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مقابلوں میں سے ایک میں ایک دوسرے سے مدمقابل ہوں گی۔

T20 ورلڈ کپ 2024 کے گروپس

گروپ اے: پاکستان، بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا، یو ایس

گروپ بی: انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، عمان

گروپ سی: نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، یوگانڈا، پاپوا نیو گنی

گروپ ڈی: جنوبی افریقا، سری لنکا، بنگلادیش، نیدرلینڈز، نیپال