LIVE

امریکیوں کی اکثریت نے بائیڈن حکومت کو ناکام قرار دے دیا، ٹرمپ کی مقبولیت میں اضافہ

ویب ڈیسک
April 28, 2024
 

کسی بھی جماعت سے تعلق نہ رکھنے والوں میں سے 51 فیصد افراد نے ٹرمپ کے دور کو کامیاب قرار دیا— فوٹو:فائل

امریکا میں کرائے گئے حالیہ سروے میں امریکیوں کی اکثریت نے صدر بائیڈن کے دور حکومت کو ناکام قرار دے دیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی جانب سےکرائے گئے سروے سے معلوم ہوتا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ مقبولیت میں موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن سے آگے ہیں۔

سروے کے مطابق امریکی ووٹرز کی بڑی تعداد یعنی 49 فیصد میں سابق صدر ٹرمپ مقبول ہیں جبکہ موجودہ صدر بائیڈن کی مقبولیت 43 فیصد ووٹرز میں ہے۔

سروے کے نتائج کے مطابق 55 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ سابق صدر ٹرمپ کا دور حکومت ایک کامیاب دور تھا  جبکہ 44 فیصد کے مطابق ان کا دور حکومت ناکام رہا۔

دوسری جانب 61 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ موجودہ صدر بائیڈن کا اب تک کا دور حکومت ناکام رہا جبکہ 39 فیصد نے اسے کامیاب دور کہا۔

ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والوں میں سے 92 فیصد نے ٹرمپ کے دور حکومت کو کامیاب قرار دیا جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والوں میں سے 73 فیصد نے ہی صدر بائیڈن کے اب تک کے دور حکومت کو کامیاب کہا۔

کسی بھی جماعت سے تعلق نہ رکھنے والوں میں سے 51 فیصد افراد نے ٹرمپ کے دور کو کامیاب قرار دیا جبکہ صرف 37 فیصد نے صدر بائیڈن کے اب تک کے دور حکومت کو کامیاب کہا۔

14 فیصد امریکیوں کا کہنا ہے کہ ان کی نظر میں دونوں صدور کا دور حکومت ناکام رہا جبکہ 8 فیصد کے مطابق دونوں حکومتیں کامیاب رہیں۔

امریکا کے رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 47 فیصد سمجھتے ہیں کہ صدر بائیڈن کی حکومت ناکام جبکہ سابق صدر ٹرمپ کی حکومت کامیاب رہی، البتہ 30 فیصد کا خیال ہےکہ صدر بائیڈن کی حکومت کامیاب اور سابق صدر ٹرمپ کی حکومت ناکام تھی۔