LIVE

وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات، ایک اور پروگرام کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا

ویب ڈیسک
April 28, 2024
 

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا کل اجلاس متوقع ہے جس میں ایس بی اے کے تحت 1.1 ارب امریکی ڈالرز کی حتمی قسط کا فیصلہ کیا جائے گا— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف کی  عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) سے ملاقات ہوئی ہے۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں وزیراعظم شہبازشریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان ملاقات ہوئی، یہ ملاقات عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائنز پر ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے آئی ایم ایف کے ایک اور پروگرام میں داخل ہونے پربھی تبادلہ خیال کیا جبکہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان سے جاری پروگرام بشمول جائزہ عمل کے بارے میں اپنے ادارے کے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

شہبازشریف کے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد ایم ڈی آئی ایم ایف سے پہلی ملاقات تھی، ان کی آخری ملاقات جون 2023 میں پیرس میں سمٹ فار نیو گلوبل فنانشل پیکٹ کے دوران ہوئی تھی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے گزشتہ سال آئی ایم ایف سے 3 ارب امریکی ڈالرز اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ حاصل کرنے میں پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے گزشتہ سال اسٹینڈ بائی ارینجمینٹ کے حوالے سے وزیراعظم کے قائدانہ کردار کو سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہناتھاکہ ہماری حکومت پاکستان کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے، مالیاتی ٹیم کو اصلاحات، سخت مالیاتی نظم وضبط یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالیاتی ٹیم کو ایسی پالیسیوں پر عمل کرنے کی ہدایت کی جو میکرو اکنامک استحکام کو یقینی بنائیں۔

دوسری جانب آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا کل اجلاس متوقع ہے جس میں ایس بی اے کے تحت 1.1 ارب امریکی ڈالرز کی حتمی قسط کا فیصلہ کیا جائے گا۔