LIVE

’پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے ترجیح دے رہے ہیں‘، وزیراعظم اور سعودی وزیر تجارت کی ملاقات

ویب ڈیسک
April 29, 2024
 

اگلے ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران معاشی و تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے اہداف کا تعین کیا جا رہا ہے: سعودی وزیر تجارت__فوٹو: پی ایم آفس

ریاض: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ پاک سعودی معاشی تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی سے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزرا عطا تارڑ، مصدق ملک اور جام کمال بھی موجود تھے۔

سعودی وزیر تجارت سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک سعودی تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے پوری طرح فعال ہے۔

فوٹو: پی ایم آفس

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔

اس موقع پر سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی نے کہا کہ ولی عہد کی ہدایات پر پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے ترجیح دے رہے ہیں، سعودی عرب کی کاروباری و تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، اگلے ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران معاشی و تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے اہداف کا تعین کیا جا رہا ہے۔

سعودی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے نوجوانوں میں پاک سعودی دوستی کے جذبات مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔