LIVE

بشام حملہ: حساس ادارے نے خودکش حملےکا الرٹ 15 مارچ کو جاری کردیا تھا

ایاز اکبر یوسف زئی
April 29, 2024
 

فوٹو: فائل

حساس ادارے نے مالاکنڈ ڈویژن میں خود کش حملے کا الرٹ 15 مارچ کو جاری کردیا تھا۔

واضح رہےکہ  خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں 26 مارچ کو چینی انجینئرز کی گاڑی پر خودکش حملہ ہوا تھا جس میں 5  چینی انجینئرز  ہلاک ہوئے تھے۔

جیونیوز کو حساس ادارے کی جانب سے جاری کیا گیا مراسلہ موصول ہوگیا ہے جس کے مطابق حساس ادارے نے خودکش حملے کا الرٹ 15 مارچ کو جاری کیا تھا۔ حساس ادارے نے کالعدم ٹی ٹی پی کے 4 دہشت گردوں کے نام بھی بتائے تھے۔

ذرائع کے مطابق  الرٹ میں دہشت گردوں قاری موسیٰ، مولوی ضرار، مولوی سجاد  اور عون ارمانی کے نام شامل تھے۔ الرٹ میں دہشت گردوں کی جانب سے 25 کلوپوٹاشیم کی خریداری کا بھی بتایا گیا۔ الرٹ میں خودکش حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی خریداری کا بھی ذکر تھا۔

الرٹ میں بتایا گیا کہ گاڑی سوات سے ڈھائی لاکھ روپے میں خریدی گئی۔ سینٹرل پولیس آفس کے پی نے آر پی او اور ڈی پی او مالاکنڈ کو 15 مارچ کو الرٹ سے آگاہ کیا تھا۔ 

ذرائع کا کہنا ہےکہ حساس ادارے کے الرٹ کے باوجود مالاکنڈ پولیس نے مؤثر اقدامات نہ کیے۔

مالاکنڈ ڈویژن میں حملے کی پاداش میں آر پی او  ہزارہ کو معطل کردیا گیا تھا۔