LIVE

سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کے قتل کی منظوری 'را' چیف نے دی تھی: امریکی میڈیا

ویب ڈیسک
April 29, 2024
 

فوٹو: فائل

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق  امریکی شہری اور  سکھ ایکٹیوسٹ گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی منظوری اُس وقت کے  'را' چیف سمنت گوئل نے دی تھی۔

امریکی میڈیا کے مطابق  امریکی خفیہ ایجنسیوں کا کہنا ہےکہ کرائے کے قاتلوں سے رابطہ  را  کے  افسر وکرم یادیو  نےکیا۔  'را' نے  قتل کا حکم اُس وقت دیا جب جون 23 میں نریندر مودی امریکا کے دورے  پر تھے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق  سمنت گوئل پر بھارت سے باہر  سکھ علیحدگی پسندوں کو  ختم کرنےکا  شدید دباؤ  تھا۔ امریکی ایجنسیوں کے خیال میں مشیرقومی سلامتی اجیت دوول کو  یہ پلان معلوم تھا۔

بھارتی مشیر قومی سلامتی اجیت دوول اور  سمنت گوئل نے اپنا مؤقف امریکی میڈیا کو نہیں دیا۔

 رپورٹس کے مطابق  موجودہ  اور سابق امریکی اور بھارتی سکیورٹی حکام کے مطابق  وکرم نے لکھا کہ  یہ قتل اب ترجیح ہے، وکرم  نےگرپتونت سنگھ پنوں کا نیویارک کا پتہ کرائے کے قاتلوں کو دیا۔ وکرم کی شناخت اور  'را'  سے اُس کا  تعلق پہلی بار  رپورٹ ہوا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ تعلق ثابت کرتا ہے کہ قتل کے  پلان میں 'را' براہِ راست ملوث تھی۔ موجودہ  اور سابق مغربی حکام کے مطابق قتل میں 'را' کےکئی  اعلیٰ عہدیدار ملوث پائے گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی  ایجنسیوں  نے ملزمان کے مودی کے قریبی حلقے سے ممکنہ روابط کے شواہد  حاصل کرلیے ہیں۔

واضح رہے کہ نومبر 2023 میں امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے سکھ رہنماکے قتل کی سازش کو بے نقاب کیا تھا۔

امریکی شہری گرپتونت سنگھ کو قتل کرنے کی بھارتی سازش بے نقاب ہونے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارت کا ہائی پروفائل دورہ منسوخ کردیا تھا۔