LIVE

نئی سیاسی جماعت بنانے کیلئے سرگرم شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کی عشرت العباد سے ملاقاتیں

نسیم حیدر
April 30, 2024
 

نئی سیاسی جماعت قائم کرنے کی کوششوں میں سرگرم سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے سندھ کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد سے دبئی میں ملاقاتیں کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی اور ڈاکٹرعشرت العباد نے دبئی میں ہوئی اس ملاقات میں اتفاق کیا کہ پاکستان کو ایسے افراد کی ضرورت ہے جنہوں نے اپنے کردار اور عمل سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ملک کو پسماندگی کی دلدل سے نکال سکتے ہیں۔

ذرائع نے بتایاکہ شاہد خاقان عباسی کو توقع ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد کی قیادت میں ایم کیوایم کے غیرفعال رہنما پوری طرح سے فعال ہوکر نئے بیانیے کے ساتھ سیاسی میدان میں اُتریں تو سندھ کا سیاسی نقشہ تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

سابق گورنر سندھ سے شاہد خاقان نے یہ ملاقات ایسے وقت کی ہے جب اچھی ساکھ اور قابلیت کے حامل ایم کیوایم کے بہت سے سینیئر لیڈر موجودہ صورتحال میں کنارہ کش ہوکر گوشہ نشینی اختیار کیے ہوئے ہیں اور سنجیدہ حلقوں کے مطابق یہ بات ملک کے سیاسی منظر نامے کےلیے نیک شگون نہیں کیونکہ اس سے خصوصاً کراچی اور حیدرآباد میں سیاسی خلا بڑھ رہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کی اس ملاقات سے پہلے ڈاکٹرعشرت العباد سے مفتاح اسماعیل نے بھی دبئی میں ملاقات کی تھی۔ ذرائع کے مطابق عشائیے پر ہوئی اس ملاقات کا ایجنڈا بھی بدلتے سیاسی منظر نامے کا جائزہ لینا تھا۔

سابق وزیراعظم کی نئی سیاسی جماعت کے سرکردہ لیڈر مفتاح اسماعیل کے قریبی ذرائع نے ملاقات کی تصدیق کی تاہم یہ ضرور کہا کہ عید الفطر سے پہلے ڈاکٹرعشرت العباد سے عشائیے پر ہوئی یہ ملاقات نئی سیاسی جماعت سے متعلق امور پر بات چیت کے لیے نہیں تھی۔

واضح رہے کہ ایم کیوایم کے سینیئر رہنما ڈاکٹر عشرت العباد سندھ کی گورنرشپ سے مستعفی ہونے کے بعد سے دبئی میں مقیم ہیں اور ایم کیوایم کے زیادہ ترغیرفعال رہنما ان سے رابطے میں ہیں۔

ڈاکٹر عشرت العباد ایم کیوایم کے وہ واحد رہنما بھی ہیں جنہیں ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین نے پارٹی سے کئی بار نکالا تھا تاہم وہ صوبے میں امن وامان سے متعلق اپنے اقدامات کی وجہ سے عہدے پر برقرار رہے تھے۔

یاد رہے کہ پچھلے ماہ یہ خبر دی تھی کہ ڈاکٹرعشرت العباد سے سابق وفاقی وزیر بابرغوری اور ایم کیوایم پاکستان کے سینیئر رہنما عامر خان نے دبئی میں ملاقات کی تھی جس میں بظاہر یوم پاکستان کا کیک کاٹا گیا تھا تاہم ملاقات کا مقصد بدلتے منظرنامے میں ایم کیوایم کے غیر فعال رہنماؤں کو فعال کیے جانے سے متعلق امور تھے۔

شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کی ڈاکٹر عشرت العباد سے علیحدہ علیحدہ ہوئی ان ملاقاتوں کی تفصیلات تو پوری طرح سامنے نہیں آسکیں تاہم آثار ضرور ہیں کہ شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں نئی سیاسی جماعت سندھ میں قدم جمانے کے لیے پوری تیاری کررہی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اس بار قرعہ فال ایم کیوایم کے غیرفعال رہنماؤں کے پوری طرح فعال ہونے کی صورت میں نکلا تو ایم کیوایم پاکستان کو کہیں زیادہ بڑے چیلنج کا سامنا ہوگا۔