LIVE

کراچی میں شدید گرمی کب تک رہے گی اور اسکی وجہ کیا ہے؟

انیبہ ضمیر شاہ
April 30, 2024
 

آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے: محکمہ موسمیات فائل فوٹو

کراچی میں آئندہ 10 دنوں تک موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب47 فیصد ہے اور شہرِ قائد میں ہوائیں 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار  سے چل رہی ہیں۔

کراچی میں آئندہ 7 سے 10 دن کے دوران موسم گرم رہے گا: موسمیاتی تجزیہ کار

دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی میں آئندہ 10 دن تک موسم گرم رہے گا اور  درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا بتانا ہے کہ شمال مغرب سے چلنے والی گرم اور خشک ہوائیں موسم گرم رکھنے کا سبب ہیں، شمال مغرب سے چلنے والی ہواؤں کے باعث فضائی معیار بھی متاثر رہے گا تاہم شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم بہتر ہونے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق جنوب اور جنوبی مشرقی ایشیائی ممالک گزشتہ ہفتے سےہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، بنگلا دیش، ویتنام، تھائی لینڈ اور  میانمارگرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں، بنگلا دیش، ویتنام، تھائی لینڈ  اور میانمار میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ریکارڈ کیے جارہے ہیں۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا بتانا ہےکہ جنوبی ایشیائی ممالک میں پڑنے والی گرمی کی لہریں مون سون کی شدت پر اثرانداز ہوتی ہیں، رواں سال مون سون کی شدت زائد رہ سکتی ہے جب کہ رواں سال پاکستان میں بھی معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔