LIVE

کراچی: دکان میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 8 زخمی

ویب ڈیسک
April 30, 2024
 

کراچی کے علاقے نیو چالی کے اطراف واقع جنریٹر مارکیٹ کی دکان میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی سٹی کے مطابق جنریٹر مارکیٹ کی دکان میں سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے دھماکے سے 2 دکانیں متاثر ہوگئیں جبکہ ایک دکان کی چھت گرگئی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے سے 2 دکانوں میں آگ بھڑک اٹھی اور ہر طرف دھواں ہوگیا،آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کا ایک اسنارکل حادثے کی جگہ پر پہنچا، دھماکے کی شدت سے دکانوں کا ملبہ سڑک کے اطراف پر پھیل گیا۔

اسپتال حکام کے مطابق حادثے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔