LIVE

جولائی تا مارچ سالانہ بنیاد پر پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں تقریباً 100فیصد اضافہ

ویب ڈیسک
April 30, 2024
 

فوٹو: فائل

اسلام آباد: جولائی تا مارچ  سالانہ  بنیاد  پر  پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں تقریباً 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق  رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ لیوی سے وصولی719 ارب 56 کروڑ روپے  رہی، گزشتہ سال جولائی تامارچ لیوی کی مد میں وصولی 362 ارب48 کروڑ روپے تھی، رواں مالی سال کے لیے پیٹرولیم لیوی کی وصولی کاہدف869 ارب روپے مقرر ہے۔

رپورٹ کے مطابق  آئی ایم ایف نے رواں مالی سال لیوی  سے وصولی کا تخمینہ 918 ارب روپے لگایا ہے،گزشتہ مالی سال پیٹرولیم لیوی کی مد میں 580 ارب روپے وصول کیے گئے تھے، اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر 60 روپے لیوی وصول کی جارہی ہے جب کہ  ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی لیٹر  پر 60 روپے کے حساب سے لیوی عائد ہے۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ  جولائی سے مارچ تک بجٹ خسارہ 3902 ارب روپے ہوگیا ہے، جولائی سے مارچ  تک مجموعی آمدن 9780  ارب روپے رہی، 9 ماہ میں اخراجات 13 ہزار 682 ارب روپے رہے، جولائی سے مارچ تک ٹیکس آمدن 7262 ارب روپے رہی،  اس دوران وفاق نے 6711 ارب اور صوبوں نے 550  ارب روپےکا ٹیکس جمع کیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق   جاری اخراجات کی مد میں 12 ہزار 333 ارب روپے خرچ کیےگئے، قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مد میں 5517 ارب روپے کا خرچہ کیا گیا، 9 ماہ میں دفاع پر 1222 ارب روپے خرچ ہوئے، جولائی سے مارچ تک بجٹ خسارہ 3.7 فیصد رہا۔