LIVE

فلم ہیرا منڈی کیلئے پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ کرنے کا سوچا تھا: سنجے لیلا بھنسالی

ویب ڈیسک
May 01, 2024
 

ہیرامنڈی کا آئیڈیا 18 سال سے موجود تھالیکن کہانی بہت وسیع ہونے کی وجہ سے فلم کی تیاری نہیں کی جاسکی: بھارتی ہدایتکار/ فائل فوٹو

بالی وڈ ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے اپنی پہلی ویب سیریز ہیرا منڈی کیلئے پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ کرنے کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سنجے لیلا بھنسالی نے انکشاف کیا کہ ہیرامنڈی کا آئیڈیا ان کے پاس 18 سال سے موجود تھا لیکن کہانی بہت وسیع ہونے کی وجہ سے فلم کی تیاری نہیں کی جاسکی۔

بھارتی ہدایتکار نے بتایا کہ 18 سال قبل ان کے آئیڈیا کاسٹ میں ریکھا، کرینہ کپور اور رانی مکھرجی موجود تھیں لیکن بعد میں یہ کاسٹ ایک کاسٹ سے دوسری کاسٹ میں تبدیل ہوگئی۔

سنجے لیلا بھنسالی کا کہنا تھا کہ ایک وقت میں اس فلم کیلئے پاکستانی اداکاروں عمران عباس، ماہرہ خان اور فواد خان کو کاسٹ کرنے کا سوچاتھا لیکن پھر یہ خیال تبدیل ہوگیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ فلم تقریباً تین سال سے تیار ی کے مراحل میں ہے جس کیلئے ہم نے 300 دنوں سے زیادہ شوٹنگ کی تاہم اب  ہیرا منڈی کیلئے منتخب کردہ کاسٹ سے بہت خوش ہوں۔

 واضح رہے کہ ہیرامنڈی میں اب منیشا کوئرالہ، سوناکشی سنہا، ریچا چڈھا، ادیتی راؤ حیدری، شرمین سیگل، طحٰہ شاہ، فردین خان اور شیکھر سمن سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

سنجے لیلا بھنسالی کی پہلی ویب سیریز، ہیرامنڈی دی ڈائمنڈ بازار آج  سے نیٹ فلکس پر پیش کی جائے گی۔