LIVE

یوٹیوب ٹی وی ایپ پر ملٹی ویو فیچر اینڈرائیڈ صارفین کیلئے متعارف

ویب ڈیسک
May 01, 2024
 

اس فیچر سے 4 ویڈیوز کو بیک وقت دیکھنا ممکن ہو جائے گا / فوٹو بشکریہ 9 ٹو 5 گوگل

گوگل کی جانب سے ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کیا جاتا ہے۔

اب یوٹیوب میں ایک دلچسپ فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو اینڈرائیڈ صارفین کو ضرور پسند آئے گا۔

ملٹی ویو نامی یہ فیچر یوٹیوب ٹی وی ایپ کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

یہ فیچر کچھ عرصے قبل آئی فون اور آئی پیڈ ڈیوائسز کے لیے متعارف کرایا گیا تھا اور اب کمپنی نے اسے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین یوٹیوب کی 4 لائیو اسٹریم ویڈیوز بیک وقت دیکھ سکیں گے۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ فونز اور ٹیبلیٹس پر دستیاب ہوگا۔

کمپنی کے مطابق اس فیچر کو کسی بھی ڈیوائس پر استعمال کیا جا سکتا ہے اور طاقتور ہارڈ وئیر کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اگر آپ یوٹیوب ٹی وی استعمال کرتے ہیں تو ایپ کو اپ ڈیٹ کرکے ہوم ٹیب پر نیچے کی جانب اسکرول کریں۔

اسکرولنگ کے دوران واچ ان ملٹی ویو سیکشن نظر آئے گا جس پر کلک کرکے آپ مخصوص ویڈیوز کو سلیکٹ کرکے دیکھ سکتے ہیں۔

ملٹی ویو کے دوران بائیں جانب کے اوپری کونے میں موجود ویڈیو کی آڈیو سنائی دے گی مگر آپ اسے تبدیل کرسکتے ہیں۔

آپ اپنا ملٹی ویو سیٹ اپ تیار نہیں کر سکتے بلکہ کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ لائیو اسٹریمز کو ہی منتخب کرنا ہوگا۔

فی الحال یہ فیچر مخصوص اسپورٹس چینلز پر کام کرے گا مگر بتدریج اس کا دائرہ توسیع کیا جائے گا۔

اگر ابھی یہ فیچر نظر نہیں آ رہا تو انتظار کرلیں کیونکہ کمپنی کی جانب سے اسے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور بہت جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

کمپنی کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں یہ فیچر تمام افراد کو دستیاب ہوگا۔