LIVE

اینڈرائیڈ فونز کیلئے گوگل نے آڈیو ایموجیز کا فیچر متعارف کرا دیا

ویب ڈیسک
May 02, 2024
 

اس فیچر میں صارفین کو 6 مختلف ساؤنڈ ایفیکٹس دستیاب ہوں گے / فوٹو بشکریہ سی نیٹ 

گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک دلچسپ فیچر آڈیو ایموجی کی شکل میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔

یہ فیچر گوگل بائی فون ایپ میں متعارف کرایا گیا ہے اور ابھی بیٹا (beta) ورژن میں دستیاب ہے۔

مگر عام صارفین بھی اسے جلد استعمال کر سکیں گے۔

اس فیچر میں صارفین کو 6 مختلف ساؤنڈ ایفیکٹس دستیاب ہوں گے جن کو کسی فون کال کے دوران پلے کرنا ممکن ہوگا۔

ان ایموجیز میں تالی بجانے (applause)، روتا ہوا چہرہ (sad trombone) اور Face with Tears of Joy سمیت دیگر ایموجیز کو آڈیو کی شکل میں استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

اگر آپ ابھی اسے استعمال کرنا چاہتے ہیں تو فون بائی گوگل ایپ کے بیٹا ورژن پر سائن اپ کرلیں۔

اس فیچر کو استعمال کرنا بھی کافی آسان ہے، بیٹا ٹیسٹر بننے کے بعد گوگل پلے اسٹور پر جاکر فون بائی گوگل ایپ کو اپ ڈیٹ کریں۔

اس کے بعد کسی کو فون کریں اور پھر نئے آڈیو ایموجی بٹن پر کلک کریں جو فون ڈائلر بٹن کے اوپر نظر آئے گا۔

اس پر کلک کرنے کے بعد آپ کے سامنے 6 آڈیو ایموجی آئیکون نظر آئیں گے۔

اس کے بعد اپنی پسند کے کسی ایموجی پر کلک کریں اور اس سے متعلق آڈیو چند سیکنڈ تک پلے ہوگی جبکہ ایک فل اسکرین اینیمیشن بھی نظر آئے گا۔

ایموجی کی آواز آپ کے ساتھ ساتھ فون سننے والے کو بھی سنائی دے گی۔

خیال رہے کہ اس فیچر کو دوستوں یا گھر والوں کے ساتھ استعمال کرنا بہتر ہوگا، سنجیدہ گفتگو کے دوران یہ ایموجیز کافی برے محسوس ہوں گے۔