LIVE

سوشل میڈیا پلیٹ فارم لنکڈان میں پہلی بار گیمز متعارف

ویب ڈیسک
May 02, 2024
 

ابھی 3 گیمز کو اس پلیٹ فارم میں متعارف کرایا گیا ہے / فوٹو بشکریہ لنکڈان

سوشل میڈیا پلیٹ فارم لنکڈان کا استعمال بیشتر افراد ملازمت کی تلاش کے لیے کرتے ہیں اور عموماً اسی سے متعلق فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں۔

مگر اب مائیکرو سافٹ کے زیر ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے گیمنگ کے شعبے میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔

اس مقصد کے لیے لنکڈان میں ورڈل جیسی پزل گیمز کو متعارف کرایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مارچ 2024 میں لنکڈان میں گیمز کے اضافے سے متعلق رپورٹ سامنے آئی تھی۔

کمپنی کی جانب سے 3 گیمز کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ان میں سے ایک گیم پن پوائنٹ ہے، دوسری کوئنز جبکہ تیسری کراس کلائمب ہے۔

کمپنی کی جانب سے انہیں ذہن کو مصروف رکھنے والی گیمز قرار دیا گیا ہے اور ہر گیم کو ایک فرد دن بھر میں صرف ایک بار کھیل سکے گا۔

البتہ گیمز کھیلنے والے اپنے اسکورز کو دوستوں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔

لنکڈان کی جانب سے صارفین کی کامیابی کے ریکارڈ کو بھی ٹریک کیا جائے گا تاکہ وہ روزانہ گیمز کھیلنے کے لیے واپس آئیں۔

خیال رہے کہ لنکڈان کے صارفین کی تعداد ایک ارب سے زائد ہے جو اسے ملازمت کی تلاش یا دیگر مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

مگر کمپنی کو توقع ہے کہ گیمز کے اضافے سے سائٹ پر صارفین کی انگیج منٹ بڑھ جائے گی۔

مائیکرو سافٹ کو گیمنگ کی دنیا میں نمایاں حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہ کمپنی ایکس باکس تیار کرتی ہے جبکہ حال ہی میں اس نے ایک گیمنگ کمپنی Activision Blizzard کو بھی خریدا ہے۔

دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک نے بھی ماضی میں گیمز کو اپنی سروس کا حصہ بنایا مگر انہیں توقعات کے مطابق کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔