LIVE

اسنیپ چیٹ صارفین اب اپنے میسجز ایڈٹ کر سکیں گے

ویب ڈیسک
May 02, 2024
 

کمپنی کی جانب سے اس فیچر کا اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ اسنیپ چیٹ

اسنیپ چیٹ میں وہ فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو بیشتر میسجنگ ایپس میں کافی عرصے سے موجود ہے۔

جی ہاں اسنیپ چیٹ کے صارفین اب اپنی چیٹ میسجز کو ایڈٹ کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر بہت جلد ایپ کا حصہ بننے والا ہے اور ابتدا میں اسنیپ چیٹ پلس کے صارفین کو دستیاب ہوگا۔

اس فیچر کے تحت صارفین کے پاس 5 منٹ کا وقت ہوگا جس کے دوران وہ اپنے میسج کو ایڈٹ کر سکیں گے۔

جو میسج ایڈٹ کیے جائیں گے ان پر ایک لیبل موجود ہوگا جس سے عندیہ ملے گا کہ اس میسج کو پوسٹ کرنے کے بعد تبدیل کیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ فیچر کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا مگر عموماً اسنیپ چیٹ کے نئے خصوصی فیچرز پہلے سبسکرپشن سروس استعمال کرنے والوں کو دستیاب ہوتے ہیں، جس کے بعد عام صارفین کے لیے متعارف کرائے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ اسنیپ چیٹ پلس کے صارفین کی تعداد 90 لاکھ سے زائد ہے۔

میسج ایڈیٹنگ کے ساتھ ساتھ اسنیپ چیٹ میں مزید فیچرز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں جو تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

کمپنی کی جانب سے چیٹس کے لیے ایموجی ری ایکشنز کو بہتر بنایا جا رہا ہے جبکہ اب مائی اے آئی اسسٹنٹ کو ریمائنڈرز کے لیے بھی استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

اسنیپ چیٹ کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی ایک نیا لینس بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جو صارفین کی تصاویر کو 1990 کی دہائی جیسی فوٹوز میں تبدیل کر دے گا۔